احمد فراز اور معاشرتی نا انصافی
MAHNAZ WAHEED جون 27, 2020
احمد فراز(1931ء-2008ء) نے ایسے دور میں آنکھ کھولی ،جب دنیا دو عظیم جنگوں سے دوچارتھی۔ ان حالات کا اثر اس دور کے تمام ممالک پر ہوا ۔ تہذیبی ،معاشرتی، اقتصادی،تعلیمی ، سیاسی اور مذہبی گویا کہ ہرسطح پراثرات مرتب ہوئے۔یہ جغرافیائی تبدیلی کادور تھا۔جہاں ان حالات کا اثر دیگرخطوں پر ہواوہاں اس کا اثر برِّصغیر پاک و ہند کے بسنے والوں پر بھی ہوا۔احمدفراز حساس دل کے مالک تھےیہی وجہ ہے کہ ان پر اس تبدیلی کا گہرااثر ہوا ۔ایک طرف برِّصغیر کے لوگ انگریز حکمرانوں کی غلامی سے آزادی چاہتے تھےتودوسری طرف مسلمانوں کواسلامی خلافت کےخاتمے کا بھی بہت دکھ تھا۔زمانہ انقلاب کے نعروں سے گونج رہاتھا۔اب برِّصغیر کےمسلمان طاغوتی طاقتوںسے آزادی حاصل کرنا چاہتے تھےبرِّصغیر میں مسلمان اور ہندو، دونوں ہی اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہےتھے۔
پاکستان اسلام کی بنیاد پر لاکھوں قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا تھا۔لیکن پاکستان کےمعرضِ وجود میں آنے کےکچھ ہی عرصے کے بعد قائدِ اعظم کی نا گہانی وفات سے قوم کے جذبات کو شدید دھچکا لگا۔کیونکہ قائدِاعظم جیسا عظیم رہنما قوم کو دوبارہ نصیب نہ ہوسکا ۔اب ملکِ خداداد کا نظام ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں آگیا جوذہنی طور پر انگریزی غلام تھے۔افسر شاہی نظام رائج ہوگیااور اس نے جاگیرداری نظام کو تقویت دی ۔اس طرح سماجی اورمعاشی نا ہمواریوں نےجنم لیا۔ طاقت اورسرمائے پرمخصوص طبقہ مسلط ہو گیااور من مانی کاروائیاں کرنے لگا۔امیر ،امیر تر ہوتا چلا گیااورغریب کی دادرسی کرنے والا کوئی نہ رہا ۔ سماجی ناانصافی نے قوم کی حالت بگاڑ کر رکھ دی ۔اسی دکھ کا اظہار ہمیں احمد فراز کی شاعری میں جابجا ملتا ہے۔
ان کی نظم" تیرے بعد " جس میں قائدِاعظم کومخاطب کیا گیا ہے۔اس کے چند اشعارملاحظہ فرمائیں :۔
پھول روتے ہیں کہ آئی نہ صدا تیرے بعد
غرقۂ خوں ہے بہاروں کی ردا تیرے بعد
آندھیاں خاک اُڑاتی ہیں سرِ صحنِ چمن
لالہ وگل ہوئے شاخوں سے جُدا تیرے بعد
جاہ ومنصب کے طلب گاروں نے یوں ہاتھ بڑھا کوئی دامن بھی سلامت نہ رہا تیرے بعد
سماج سنسکرت زبان کا لفظ ہے ۔جس کے معنی "معاشرہ " ہے۔فرد کی اجتماعی زندگی ،اس کے افعال واعمال لفظ سماج کی وضاحت کرتے ہیں ۔ سماج میں پیدا ہونے والی تبدیلیاں خواہ وہ اچھی ہوں یا بری اس کا انحصار فرد پر ہے۔شاعر معاشرے کا حسّاس فرد ہوتا ہے۔ یہ معاشرے میں ہونے والی سماجی اورطبقاتی نا انصافی کو بڑی شدت سے محسوس کرتا ہے۔احمد فراز محب ِ وطن شاعر تھے ،انھیں اپنے مظلوم طبقے کے ساتھ ہونے والی نا انصافی کا بھی قلق تھا۔
اے بی اشرف لکھتے ہیں :۔
"سماج کی تبدیلی اورارتقاءمختلف طبقوں کے درمیان کشمکش سےپیداہوتی ہے
اس عمل سے سماج آگے بڑھتا ہے۔پرانا سما ج شکست وریخت کا شکارہو جاتا
ہے۔نیا سماج اس کی جگہ لے لیتا ہے۔"
سماجی شکست وریخت کے اس دور میں احمد فراز نے اپنے فرض کی ادائیگی بہت عمدہ انداز سے کی۔انھوں نے اپنے وجود میں جس آگ کی حدت کو محسو س کیا وہ محض ان کا ذاتی تجربہ نہ تھا بلکہ اپنے معاشرے کے افرادکےدلی جذبات کی ترجمانی تھی۔ان کے اشعار میں ان کے تلخ اور شیریں جذبات بھی شامل تھے۔یہ جذبات ان کے تجربات سے وابستہ تھے ۔ان کی شاعری زمانے کی صدا بن کر گونجی اور ہر کسی کومتاثر کرتی چلی گئی۔
De Bonald ادب کی کچھ اس انداز سےتوضیح کرتے ہیں :۔
Literature is the Expression of Society.
ادب معاشرے کا وسیلۂ اظہار ہے۔
انصاف عربی زبان کا لفظ ہے ۔لسان العرب میں انصاف کے معنی کسی چیز کو دو برابرنصف حصوں میں بانٹنا کے ہیں ۔انسانی تاریخ کے ساتھ ہی انصاف کا مسئلہ درپیش آیا کیونکہ فرد اور معاشرہ لازم وملزوم ہیں وہی معاشرے خوشحال اور ترقی یافتہ ہوتے ہیں جو اپنے افراد کے حقوق کی پاس داری کرتے ہیں ۔ازلی روایت ہے کہ طاقت ور ،کمزور کے حقوق غصب کرتا چلا آیا ہے۔
فرا زنے سماجی انصاف کے حوالےسےاپنے جذبات کی ترجمانی کچھ اس انداز سے کی ہے:
مرے ضمیرنےقابیل کونہیں بخشا
میں کیسے صلح کروں قتل کرنے والوں سے عدل وانصاف معاشرے کی بقا کے لئے جزوِ لا ینفک کی حیثیت رکھتا ہے فراز عدل و انصاف کا پیامبر تھا ۔فراز عدل وانصاف کی اہمیت سے بخوبی واقف تھا۔ان کا دل جب بنی نوع انسان کے دکھ پر دکھی ہوتا ہے تو وہ چپ نہیں رہتے بلکہ مظلوم انسانیت کے دکھ پرنا صرف اظہار ِ احتجاج کرتے ہیں بلکہ انھیں اپنا حق لینے کی ترغیب دیتے ہیں ۔
ان کا یہ شعر اس با ت کا ثبوت ہے:۔
منصف ہو اگر تم تو کب انصاف کرو گے
مجرم ہیں اگرہم تو سزا کیوں نہیں دیتے
رہزن ہو تو حاضر ہے متاعِ دل وجاں بھی
رہبر ہو تو منزل کا پتہ کیوں نہیں دیتے احمدفراز نے اپنے فرض سے کبھی پہلو تہی نہیں برتی تھی۔انھیں معاشرے کےجس شعبے میں بھی ناانصافی نظر آئی اس کے خلاف آواز بلند کی۔شاعر یا ادیب قلم کا امین ہوتا ہے ۔اور انھوں نے اپنے قلم کی حرمت کا پاس ہمیشہ رکھا۔انھوں نے سچائی کو لکھ کر اپنے قلم کی پاس داری کی ۔ان کے نزدیک معاشرے کے تمام افرا د کے حقوق برابر ہیں ۔اپنے جذبۂ انسان دوستی کی خاطر انھو ں نے ہر خطرے کوبالائے طاق رکھ نا انصافیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلندکی۔اور اپنے ضمیر کی آواز کو مرنے نہیں دیا۔
یہ شعر اس بات کی ترجمانی کرتا ہے:۔
میرا قلم تو امانت ہے میرے لوگوں کی
مرا قلم تو عدالت مرے ضمیر کی ہے
اسی لیے تو جو لکھا تپا کِ جاں سے لکھا
جبھی تو لوچ کما ں کا ، زبان تیر کی ہے پاکستان ایک مسلم ملک ہے ۔اس حیثیت سے اگر دیکھا جائے تو یہاں اسلامی قوانین کا نفاذ ہونا چاہئے تھا ۔اسلام نے اپنے پیروکاروں کو ایک مکمل نظامِ زندگی فراہم کیا ہے۔ہم اس معاملے میں کسی کے محتا ج نہیں ،مگر آج ستر سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ایک پر امن پاکستانی معاشرے کا قیام نا ممکن ہی نظر آرہاہے۔اس کی بڑی وجہ حکمران طبقے کی نا اہلی ہے۔ہماری بد نصیبی کہ ہم آزادی حاصل کرنے کے باوجود بھی مکمل طور پرآزاد نہیں ۔ایک حساس شاعراور نازک جذبات کا حامل انسان ان حالات کو کیسے فراموش کر سکتا ہے ۔
احمد ندیم قاسمی لکھتے ہیں :۔
"وہ انسان کے بنیادی جذبوں کے علاوہ اس آشوب کا بھی شاعر
ہے جو پوری انسانی زندگی کو محیط کئے ہوئے ہے۔اس نے جہاں
انسان کی محرومیوں ، مظلومیوں اور شکستوں کو اپنی غزل ونظم کا
موضوع بنایا ہے وہیں ظلم و جبر کے عناصر اور آمریت ومطلق العنانی
پر بھی ٹوٹ کے برسا ہے۔"
احمدفراز ان حالات سے بخوبی واقف تھےکہ کسی ملک کی معیشت کی کمزور ی کےاثرات اور نقصانات کتنے گہرے ہو تے ہیں انسان کی عزتِ نفس مجروح ہو کررہ جاتی ہے ۔اپنی بنیادی ضروریاتِ زندگی پوری کرنے کےلئےانسان کس طرح ذلت آمیز کا م کرنے پر بھی مجبور ہو جاتا ہے۔اور اس کے نتیجے میں اخلاقی قدریں زوال پذیر ہو کر تباہی کا شکار ہو جاتی ہیں ۔کس طرح امیر طبقہ غرباء کی مجبوریوں کا مذاق اُڑاتا ہے۔اور پیسے کے بدلے امراء غرباء کو اپنا غلام بنا لیتے ہیں ۔یہ غلامی نہ صرف ذہنی ہے بلکہ جسمانی بھی۔آئےدن یہ غلام عیش ونشاط میں ڈوبے ہوئے امراء کی ہوس اور ظلم کا نشانہ کس طرح بنتے ہیں ۔انھی واقعات کے اضافے کے پیشِ نظر فراز کے لہجے میں احتجاج کا عنصر غالب آگیا۔
احمدفراز خود کہتے ہیں :۔
"میری حسّاسیت کے باعث معاشرے میں پائے جانےوالے
تضادات کے سبب جوں جوں شعور پختہ ہوتا گیا اسی طرح
طبقاتی ناہمواری کے خلاف میری آواز بلند ہوتی گئی"َ
احمد فراز کی شاعری کےمطالعہ سےان کی سوچ کا بخوبی اندازہ کیا جا سکتا ہے۔ وہ انتہائی حساس دل کے مالک تھے۔ انھوں نے معاشرے کی مظلوم خواتین کو بھی اپنی شاعری کا موضو ع بنایا ۔ ان کی شاعری میں انقلاب کی لَے کو بھی سنا جا سکتا ہے۔ان کی نظم (بانو کے نام )کے چند اشعار ان کی سوچ کی غمازی ہے۔جس میں ایک کم سن کنیزسے سوال وجواب کے انداز میں شعر لکھ کر اس کی مظلو میت کو ظاہر کیا گیا ہے۔جس کوبیگم جونا گڑھ نے قتل کروا دیا تھا ۔
اس نظم کا نام بانو ہے:
ملوکیت کےمحل کی گناہگار کنیز
وہ جرم کیا تھا کہ تجھ کو سزائے مرگ ملی
پھر لکھتے ہیں :۔
یہی سنا ہے بس اتناقصور تھا تیرا
کہ تو نے قصر کے کچھ تلخ بھید جانے
پھر لکھتے ہیں :۔
تجھے یہ علم نہیں تھا کہ اس خطا کی سزا
ہزارطوق وسلاسل تھے،تازیانے تھے
پھر لکھتے ہیں :۔
یہ رسمِ تازہ نہیں ہےاگر تیری لغزش
مزاجِ قصرِ نشیناں کو ناگوار ہوئی
ہمیشہ اُونچے محلّات کے بھرم کے لئے
ہر ایک دور میں تزئینِ طوق دار ہوئی
کبھی چُنی گئی دیوار میں انار کلی
کبھی شکنتلا پتھراؤ کا شکار ہو
پھر اس کا جواب کچھ اس انداز سے دیتے ہیں:۔
تم کی آگ میں جلتے رہے عوام مگر
جہاں پناہ ہمیشہ جہاں پناہ رہے احمدفراز ناصرف ان لوگوں کو بے نقاب کرتے ہیں جو معاشرے کے بگاڑ کا باعث بنتے ہیں بلکہ مظلوم طبقے کو یہ شعور بھی دیتے ہیں ۔کہ اب ہم اپنے آزاد ملک کے باسی ہیں ۔یہاں آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق ہر طبقے کو برابر ہے۔ہمیں ناصرف اپنے حقوق کی حفاظت کرنا ہے بلکہ اپنے معاشرے کے دوسرے افراد کے حقوق کی پاس داری بھی کرنی ہے۔ تاکہ معاشرتی ناہمواری پیدا نہ ہو سکےاور عوام ایک مثبت سوچ لے کر ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے ۔اس کے برعکس ہنوز پاکستانی معاشرہ معاشی اور معاشرتی طور پر مستحکم نہیں ہو سکا۔
احمدفراز سےحالات سے نالاں ہوکر لکھتے ہیں:۔
یہ حبس تو جلتی ہوئی رُت سے بھی گراں ہے
اے ٹھہرے ہوئےابرِ کرم اب تو برس بھی
فراز ان تمام واقعات وحالات سےبھی بہت رنجیدہ تھے جو پاکستانی تاریخ کا حصہ رہے۔یہ واقعات اتنے دل دوز تھے کہ فراز جیسا حساس انسان ان سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکا،یہی وجہ ہے کہ فراز ظلم کے خلاف مزاحمت کرتےہیں ،اس بات کی پرواہ کئے بغیر کہ اس کا انجام کیا ہو گا۔آج اگرچہ ہم آزاد ملک کے مکیں ہیں مگر عوام کومحضر خوش آئندمستقبل کے خواب دکھا کردھوکہ دیا جا رہاہے۔وہ عوام جو محنت کرتے ہیں اُن کو حق ملنے کی بجائے محرومیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
احمدفراز کی شاعری میں طبقاتی اور غیر منصفانہ روّیےپر احتجاج کے بارے میں سریندر کور رقمطراز ہیں :۔
فراز کی زیادہ تر شاعری طبقاتی فرق کے خلاف ہے ۔وہ ایسے
لوگوں سے ملواکر جو مذہبی ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اور ان
امیروں سے جو انسان کو اشیاء کی طرح استعمال کرتے ہیں ،
انسانی آنکھوں پر سے پردے ہٹا دیتا ہے ۔اس کی شاعری
کچلے ہوئے عوام کے دل کی آواز ہے۔ فراز ایک ایسا لکھاری
ہے۔جس نےایک مظلوم و مجبور معاشرے کی ہر برائی دیکھی
اور برداشت کی ہےلیکن اس کی روح پھر بھی سلامت رہی ہے
وہ بغیر کسی شک اور ہچکچاہٹ کےبار بار اسے دہراتا ہے ۔"
پھر سریندر کور،احمد فراز ہی کے الفاظ نقل کرتے ہیں :۔ "لکھنے والے کی حیثیت سے یہ میرا مقدس فریضہ ہےکہ لوگوں کے
مسائل کے بارے میں لکھوں ۔لیکن ایک منصفانہ اور غیر طبقاتی
معاشرے کے قیام کا انتظار اتنا طویل ہوتا جا رہا ہے کہ لگتا ہےجنت
صرف شاعر کے تصور میں ہے" مندرجہ بالا تمام بحث سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ احمد فراز اپنےلوگوں کےدکھ میں تڑپتا توہے ۔مگر وہ رونے کی بجائےاُن زنجیروکوتوڑتااوربکھیرتاہوا نظرآتاہے۔جو معاشرے کے جسم کو جکڑے ہوئے ہیں ۔احمدفرازنے پاکستان بننےسے پہلے اور بعد کے، دونوں حالات کو دیکھا تھا ۔ کہ کس طرح غیر مسلم اقوام کے تسلط سے مسلمانوں نےاپنے تشخص کے بقا کی جنگ جیتی مگر پاکستان بننے کے بعدعوام کو سوائے غربت ،بھوک ،افلاس اور معاشرتی ناانصافیوں کے کچھ نہ مل سکا۔مگر فرازنے ہمت ہارنےکی بجائے اپنے لوگوں کو عزت سے جینے کا حوصلہ دیا ۔اِنھیں اپنے حقوق حاصل کرنے کا شعور دیا ۔فراز ایک انقلابی شاعر تھے ۔آپ نے جس طر ح قدامت پرستی کے خاتمے کے لئے کوششیں کیں ۔اور معاشرے میں منصفانہ سوچ کے نفاذ کے لئے جدوجہد کی یہ فراز ہی کا
خاصہ ہے۔ اُن کی شاعری آنے والےادوار کےلئےمینارۂ نور بنی رہے گی۔
or reload the browser
or reload the browser
0 تبصرے
میسج کرنے کا شکریہ۔